سندھ میں مزید تین نئے پولیو کیس رپورٹ، تعداد 10 ہوگئی

صوبے میں مزید تین پولیو کیسز کی تصدیق کے بعد صوبے میں رواں سال اب تک سامنے آنے والے کیسز کی تعداد 10 ہوگئی۔

رواں برس ملک بھر سے پولیو کیسز کے حوالے سے سندھ اس وقت دوسرے نمبر پر ہے، پہلے نمبر پر سب سے زیادہ کیسز بلوچستان سے رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ میں 8 اکتوبر کو تین نئے پولیو کیسز کی تصدیق کی گئی جب کہ مجموعی طور پر پاکستان بھر سے 4 کیسز رپورٹ ہوئے، جس کے بعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 32 جب کہ سندھ میں کیسز کی تعداد 10 ہوگئی۔

سجاول اور گڈاپ سے مزید دو پولیو کیسز سامنے اگئے، سندھ سے سامنے آنے والے کیسز 7 ہوگئے

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق سندھ کے شمالی ضلع جیکب آباد سے دو جب کہ ضلع ملیر سے ایک پولیو کیس سامنے آیا ہے، جس کے بعد صوبے کے مجموعی کیسز کی تعداد 10 تک جا پہنچی۔

اس سے قبل بھی جیکب آباد سے دو جب کہ کراچی ڈویژن کے دیگر اضلاع سے بھی دو کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سندھ سے اب تک جیکب آباد سے سامنے آنے والے کیسز کی مجموعی تعداد 4 ہوگئی جب کہ ضلع کیماڑی اور حیدرآباد سے بھی دو دو کیسز سامنے آچکے ہیں۔

اسی طرح ایک کیس کراچی ڈویژن کے ضلع شرقی، ضلع سجاول اور ضلع میرپورخاص سے بھی ایک سامنے آچکا ہے۔