سندھ پولیس کا 800 شہریوں کو اغوا سے بچانے کا دعویٰ
سندھ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ملک کے حساس اور دیگر اداروں سے مل کر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے رواں برس اب تک ملک بھر کے 800 شہریوں کو اغوا ہونے سے بچایا۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس غلام نبی میمن نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے ڈاکوؤں کے جھانسے میں آنے والوں کو اغوا ہونے سے بچایا۔
آئی جی سندھ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سال کے دوران سندھ پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے ملک بھر کے 802 شہریوں کو کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہونے سے بچایا۔
غلام نبی میمن نے بتایا کہ ہم شہریوں کو ڈاکوؤں کے طریقہ واردات سے خبردار کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کر رہے ہیں اور کچے کے ڈاکوؤں کی کمیونیکیشن مانیٹر کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں کے من چلوں کو ڈاکو خواتین کی آوازیں نکال کر دوستی کا جھانسہ دیتے ہیں یا گاڑیاں اور دیگر سستا سامان بیچنے کے لیے فون پر پھنساتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ رواں برس اب تک صوبے بھر سے 330 شہری اغوا کیے گئے جن میں سے 307 کو بازیاب کرایا جا چکا ہے جب کہ 23 شہریوں کے اغوا کے کیسز ابھی تک حل نہیں کیے جا سکے جس کے لیے کوششیں جاری ہیں۔