دریائے سندھ سے کینالز منسوخی کے فیصلے کے بعد سندھ میں جشن، متعدد دھرنے ختم

VideoCapture_20250429-113319

مشترکہ مفادات کونسل کی جانب سے دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے منصوبے کو مسترد کیے جانے کے بعد سندھ بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور عوام کی جانب سے جشن منایا گیا۔

کینالز منسوخی کے بعد سندھ بھر میں جاری متعدد دھرنوں کو ختم کردیا گیا، تاہم ببرلو بائی پاس پر جاری مرکزی دھرنے کو ختم نہیں کیا گیا۔

ادھر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سی سی آئی اجلاس کے بعد۔ ببرلو بائی پاس پر جاری دھرنے کے شرکاء سے اپیل کی کہ وہ اپنا دھرنا ختم کر دیں۔

میڈیا سے گفتگو میں مراد علی شاہ نے کہا کہ ’دھرنے والوں نے 10 سے 12 دن قومی شاہراہ پر ٹریفک معطل رکھا، لیکن ہم نے ان کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا کیونکہ ان کا مقصد درست تھا۔ نفرتیں پھیلانے والے ناکام ہو چکے ہیں، اب دھرنے ختم کیے جائیں۔

ببرلو بائی پاس پر وکلاء اور دیگر افراد کا دھرنا بارہویں روز بھی جاری ہے۔ قومی شاہراہ بند ہونے کے باعث ہزاروں مال بردار گاڑیاں سڑکوں پر پھنس چکی ہیں۔