سندھو سے کینالز نکالنے کا فیصلہ واپس لیے جانے کے بعد ببرلو دھرنا ختم، ٹریفک بحال

وفاقی حکومت کی جانب سے دریائے سندھ سے کینالز کی تعمیر کا فیصلہ واپس لینے اور سندھ حکومت کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ کے لیے زمین نہ دینے کی خاطری کے بعد ببرلو دھرنا ختم کردیا گیا۔
وکلا رہنما نے دھرنا ختم کرتے وقت ٹرانسپورٹرز اور تکلیف برداشت کرنے والے عوام سے معافی بھی مانگی۔
ببرلو پر 18 اپریل سے دھرنا جاری تھا۔ جسے 29 اپریل کی رات کو ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
سی سی آئی اجلاس میں دریائے سندھ پر نئی نہریں بنانے کا منصوبہ مسترد کئے جانے کے بعد وکلاء کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ کے مطالبہ پر حکومت سندھ کا وفد مذاکرات کے لئے سکھر پہنچا تھا۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار ودیگر نے وکلاء کی 11رکنی کمیٹی کے ساتھ سندھ ہائی کورٹ بار میں بیٹھک لگائی، مشاورتی اجلاس ہوا۔
اجلاس کے بعد وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ وکلاء دوستوں سے مذاکرات کیلئے آئے ہیں، دھرنا ختم کرنے کی اپیل کرتے ہیں، خطہ پر جنگ کے بادل منڈلارہے ہیں، تناؤ کی صورتحال ہے، دھرنا ختم ہونا چاہیے، سی سی آئی نے کینالز منصوبہ مسترد کردیا، کارپوریٹ فارمنگ منصوبے پر وکلاء ہم سے بریفنگ لے لیں، تحفظات درست ہیں یا غلط؟ ابھی کچھ کہہ نہیں سکتے، وکلاء نشاندہی کریں، ہم درست کریں گے، یقین کی حد تک پرامید ہوں کہ وکیل ہماری بات مان لینگے۔
صوبائی وزیر کی خاطری کے بعد دھرنا ختم کیا گیا، جس کے بعد سندھ سے دیگر صوبوں کی جانب والی ٹریفک بھی بحال ہوگئی۔