بارشوں کے بعد ایک دن سے سندھ کے متعدد علاقوں میں بجلی معطل، حکومت نے رین ایمرجنسی سینٹر قائم کردیا

صوبے بھر میں بارشوں کے بعد بارشوں سے متعلق ہنگامی صورتحال کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے میں رین ایمرجنسی سیل قائم کردیا۔
دوسری جانب صوبے بھر میں بارشوں کے بعد تاحال متعدد علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی، حیدرآباد شہر کے کئی علاقوں میں بھی 20 گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی بند رہی۔
ادھر وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے ماتحت 24 گھنٹے کی رپورٹنگ کا رین ایمرجنسی نظام فعال ہوگا، سیل کو بارش سے متاثرہ اضلاع میں افسران سے فوری رابطہ و رپورٹنگ کا ٹاسک سونپ دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق سندھ کے 6 ڈویژنز کے لیے افسران اور ڈپٹی سیکریٹریز کی تعیناتی کردی گئی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، شہید بینظیرآباد، میرپور خاص، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کے لیے افسران نامزد ہیں۔
ترجمان کے مطابق بارش سے متعلق ایمرجنسی شکایات کے لیے چیف منسٹر کمپلین سیل 24 گھنٹے متحرک ہے۔
شہری شکایات کے لیے ہیلپ لائن نمبر 99207349-021 ہے جبکہ افسران کو دفاتر میں ہمہ وقت دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔