حیدرآبادمیں چاول کا تاجر نریش کمار فائرنگ سے قتل
حیدرآباد: حیدرآباد میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے تھاانہ بولا خان کے رہائشی اور چاول کے معروف تاجر نریش کمار کو قتل کردیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب نریش کمار اپنے کاروباری سلسلے میں حیدرآباد میں موجود تھے۔ مسلح ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔ واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء الحسن لنجار نے متعلقہ پولیس حکام سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ ملوث افراد کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔