کشمور: ریبیز کے عالمی دن پر آوارہ کتوں کا حملہ، 16 افراد زخمی، ہسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین نایاب
کشمور :دنیا بھر میں ریبیز کے عالمی دن (World Rabies Day) کے موقع پر باؤلے کتوں کے کاٹنے سے بچاؤ کی آگاہی مہمات چلائی جا رہی ہیں، لیکن سندھ کے ضلع کشمور میں آوارہ اور باؤلے کتوں نے دہشت پھیلا دی۔ شہر اور اس کے گردونواح میں سگ گزیدگی کے مختلف واقعات کے دوران آوارہ کتوں نے 16 افراد کو کاٹ کر شدید زخمی کر دیا۔ متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد اور سگ گزیدگی کی ویکسین کے لیے سول ہسپتال کشمور منتقل کیا گیا، تاہم ہسپتال میں اینٹی ریبیز ویکسین کی شدید قلت کا انکشاف ہوا ہے۔ ویکسین کی عدم دستیابی کے باعث زخمیوں کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ نجی میڈیکل اسٹورز سے مہنگے داموں ویکسین خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت سندھ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف حکومت ریبیز کے عالمی دن پر دعوے کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب بنیادی سرکاری ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکسین تک میسر نہیں۔