شہدادپور کے قریب عوامی ایکسپریس کی ٹکر سے دو بچوں کی ماں جاں بحق
شہدادپور: شہدادپور کے قریب کراچی سے پنجاب جانے والی مسافر ٹرین عوامی ایکسپریس کی زد میں آکر دو بچوں کی ماں جاں بحق ہوگئی۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب فضل تلہانی گاؤں کی رہائشی یاسمین زوجہ خادم خاصخیلی ریلوے پٹڑی عبور کر رہی تھی۔ اہلخانہ کے مطابق یاسمین زمین پر کام کرنے کے لیے جا رہی تھی کہ تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئی۔ حادثے کے بعد متوفیہ کی لاش شہدادپور اسپتال منتقل کی گئی، جبکہ لنڈو پولیس کو بھی واقعے کی اطلاع دے دی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ اہلخانہ کے مطابق یاسمین کے والد بھی دو ماہ قبل انتقال کر گئے تھے۔