کندھ کوٹ میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ، چوکیدار قتل
کندھ کوٹ: سی سیکشن تھانے کی حدود ملیر اسٹاپ کے قریب موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کرکے محمد خان بنگوار کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ مقتول ایک نجی کمپنی میں چوکیدار کے فرائض انجام دیتا تھا اور صبح گھر سے ڈیوٹی کے لیے نکلا تھا کہ راستے میں اسے نشانہ بنایا گیا۔ واقعے کے بعد مقتول کے ورثا لاش کو کندھ کوٹ سول اسپتال لے گئے، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کردی گئی۔ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا اور علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
ذرائع کے مطابق محمد خان بنگوار کو مبینہ طور پر پرانے تنازع پر قتل کیا گیا، تاہم بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ تنازع کا پہلے ہی تصفیہ ہوچکا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور ملزمان کی تلاش کی جارہی ہے۔ پولیس کے مطابق فی الحال قتل میں ملوث ملزمان کے بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔