جھول میں غلام رسول چانگ کے مبینہ قتل کا انکشاف، بیٹی اور بہو گرفتار
جھول:جھول کے قریب شوگر مل اسٹاپ کے نزدیک سبیل گاؤں میں چار روز قبل 45 سالہ غلام رسول چانگ کی پراسرار موت کے معاملے میں قتل کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے مقتول کی بیٹی اور بہو کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شازیہ اور اس کی بھابھی نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ غلام رسول چانگ گھر میں غیر مردوں کو لاتا اور انہیں تنگ کرتا تھا، جس کے بعد دونوں نے مل کر اسے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔ تاہم واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات ہونا باقی ہیں۔ مقتول کے بیٹے اور مقدمے کے مدعی کے مطابق والد کی موت کی اطلاع ملنے پر وہ گھر پہنچا تو اس نے والد کی گردن پر رسی کا نشان دیکھا، جس پر اسے شک ہوا اور پولیس کو اطلاع دی گئی۔ بعد ازاں لاش اسپتال منتقل کی گئی۔ مدعی کا کہنا ہے کہ اس کی والدہ نے بتایا کہ رات گئے اس کی بیوی اور بہن نے اس کے والد کو قتل کیا۔ مدعی نے الزام عائد کیا کہ گھر میں غیر مردوں کی آمد سے روکنے پر اس کی بیوی اور بہن نے والد کو قتل کیا۔ دوسری جانب علاقہ مکینوں نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے کے بجائے صرف دو خواتین کو گرفتار کرکے مقدمے میں نامزد کرنے تک محدود ہے، جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی تفتیش میں کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی۔