جامشورو میں خواتین شکایتی مرکز اور محفوظ پناہ گاہ کو مضبوط بنانے کا فیصلہ

0

سندھ حکومت نے جامشورو میں خواتین کے شکایتی مرکز اور محفوظ پناہ گاہ کی خدمات بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ تشدد، بے گھری اور جان کو خطرات کا سامنا کرنے والی خواتین کو قانونی مدد، مشاورت اور محفوظ رہائش فراہم کی جاسکے۔

محکمہ ترقیِ نسواں کی وزیر شاہینہ شیر علی کے مطابق خواتین شکایتی مرکز ان خواتین کو مفت قانونی معاونت فراہم کرتا ہے جو مالی وسائل کی کمی کے باعث اپنے مقدمات کی پیروی نہیں کرسکتیں۔ خواتین اس مرکز میں اپنی شکایات درج کراسکتی ہیں اور بلاامتیاز مدد حاصل کرسکتی ہیں۔

لیگل ایڈ سوسائٹی مرکز کی جانب سے بھیجے جانے والے مقدمات میں مفت قانونی خدمات فراہم کرتی ہے۔ ان میں قتل، زیادتی، گھریلو تشدد اور خاندانی تنازعات کے معاملات شامل ہیں۔ مرکز میں تنازعات کے حل کے لیے مشاورت اور فریقین کی رضامندی سے مصالحت کی سہولت بھی موجود ہے۔

شاہینہ شیر علی کے مطابق، تشدد، بے گھری یا جان کو خطرات کا سامنا کرنے والی خواتین کو محفوظ پناہ گاہ منتقل کیا جاتا ہے، جہاں انہیں تحفظ اور رہائش فراہم کی جاتی ہے۔ اس سہولت سے خواتین کے ساتھ ان کے کم عمر بچے بھی مستفید ہوسکتے ہیں۔

پناہ گاہ میں چوبیس گھنٹے سکیورٹی، خواتین وکلا کی قانونی معاونت، نفسیاتی و سماجی مشاورت، ابتدائی طبی امداد، سرکاری اسپتالوں میں علاج کے حصول میں مدد، مفت کھانا، لباس اور دیگر بنیادی ضروریات فراہم کی جاتی ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے