کراچی میں پاکستان کا پہلا ماربل سٹی قائم کرنے کا منصوبہ
سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ پاکستان کا پہلا ماربل سٹی کراچی میں قائم کیا جا رہا ہے، جس سے سرمایہ کاری، صنعتی سرگرمیوں اور روزگار کو فروغ ملے گا۔ حکومت اسے صنعتی ترقی کا اہم منصوبہ قرار دے رہی ہے۔
کراچی ماربل سٹی انڈسٹریل پارک کی پری لانچ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ منصوبے کے تحت سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں کے سنگِ مرمر اور گرینائٹ کے ذخائر کو پراسیس کرکے معیاری مصنوعات تیار کی جائیں گی، جو عالمی منڈیوں میں برآمد ہوں گی۔
منصوبے کا افتتاح پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کریں گے۔ ماربل سٹی میں زمین کی قیمت ڈھائی کروڑ روپے فی ایکڑ ہوگی، جبکہ سرمایہ کار اقساط میں ادائیگی کرسکیں گے۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر نے بتایا کہ ناردرن بائی پاس پر 300 ایکڑ سے زائد رقبے پر 25 کروڑ ڈالر کی لاگت سے منصوبہ سرکاری و نجی شراکت داری کے تحت قائم ہوگا۔ سرمایہ کاروں کی رجسٹریشن آئندہ ماہ شروع ہوگی۔ حکومت کم نرخوں پر بجلی اور جدید مشینری کی سہولت دینے پر بھی کام کر رہی ہے۔ مقامی صنعت کو بھی فائدہ ہوگا۔