نصراللہ گڈانی کے قتل کی عدالتی تفتیش کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر

IMG-20240531-WA0005

گزشتہ ہفتے ضلع گھوٹکی کے شہر میرپورماتھیلو میں قتل کیے گئے صحافی نصر اللہ گڈانی کے قتل کی عدالتی تحقیق کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔

سندھ ہائی کورٹ میں گبول ایڈووکیٹ، عمار دایو ایڈووکیٹ و دیگر کی جانب سے درخواست دائر کی گئی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نصراللہ گڈانی قتل کیس کی تحقیقات کے لیے سندھ حکومت کو جوڈیشل کمیشن بنانے کا حکم دیا جائے، جوڈیشل کمیشن تشکیل دے کر 21 مئی کو ہونے والے واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے اور ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔

درخواست میں بتایا گیا ہے کہ 21 مئی 2024 کو گھوٹکی میں صحافی نصراللہ گڈانی پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نےفائرنگ کی، نصراللہ کو ٹی ایچ کیو ہسپتال میرپور ماتھیلو سے تشویشناک حالت میں رحیم یار خان منتقل کیا گیا۔

اپیل میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ صحافی نصراللہ گڈانی کو ائیر ایمبولینس کے ذریعےکراچی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم صحافی زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

نصراللہ گڈانی کو 21 مئی کو ان کے آبائی شہر میرپور ماتھیلو میں موٹر سائیکل سوار دو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے زخمی کردیا تھا جس کے بعد انہیں تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

24 مئی کو نصراللہ گڈانی کراچی میں علاج کے دوران دم توڑ گئے تھے، 28 مئی کو نصراللہ گڈانی کے قتل کا مقدمہ ان پر حملے کے آٹھویں روز درج کر لیا گیا تھا۔

قتل کا مقدمہ صحافی نصراللہ گڈانی کی والدہ کی مدعیت میں تھانہ میرپورماتھیلو میں 2 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔