گورنر سندھ کا سرکاری اسکولوں کے بچوں کو ناشتہ فراہم کرنے کے منصوبے کا اعلان
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو مفت دودھ اور ناشتہ دینے کے منصوبے کا اعلان کردیا۔
کامران ٹیسوری نے صوبائی دارالحکومت کراچی میں”انیشیٹیو فری بریک فاسٹ فور اسٹوڈنٹس“ شروع کرنے کا اعلان کیا۔
وفاقی حکومت اور سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے فری بریک فاسٹ انیشیئٹیو کا آغاز کردیا،اس حوالے سے گورنر ہاؤس سندھ میں پریس کانفرنس کی گئی،جس میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کے ہمراہ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور بانی سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ مولانا بشیر فاروقی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اب کوئی بچہ بھوکا اسکول نہیں جائے گا، اسکولوں میں بچوں کو مفت ناشتہ فراہم کیا جائے گا۔
گورنر سندھ نے کہا کہ سروے سے پتہ چلا ہے مہنگائی اور غربت کی وجہ سے ایسے بھی بچے ہیں جنہوں نے دو سال سے دودھ نہیں پیا، کسی نے 6 ماہ سے انڈا نہیں کھایا اور کچھ بچے تو بغیر ناشتہ کیے اسکول چلے جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح آئی ٹی کے پچاس ہزار بچے گورنر ہائوس میں پڑھ رہے ہیں اسی طرح اب کوئی بچہ اسکول میں بنا ناشتہ کیے نہیں جائے گا۔ پہلے مرحلے میں 100 سرکاری اسکولوں میں مفت ناشتہ دینے کا سلسلہ شروع کر رہے ہیں، جس کو مرحلہ وار آگے بڑھایا جائے گا۔