سندھ حکومت کا 100 یونٹ استعمال کرنے والوں کو مفت بجلی فراہم کرنے کا منصوبہ تیار کرنے کا دعویٰ
حکومت سندھ نے 100 یونٹ استعمال کرنیوالے صارفین کو مفت بجلی فراہم کرنے کا پلان تیار کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے اس پر جلد عمل کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیر توانائی سندھ ناصر حسین شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 100 یونٹ تک کے صارفین کو مفت بجلی دینے کا پلان تیار ہوگیا جس کے تحت پہلے مرحلے میں سولر پارک اور منی گرڈ اسٹیشن سے عوام کو 100 یونٹ مفت بجلی فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے نئے مسالی سال کے بجٹ میں سولر انرجی اور منی گرڈ کے لئے رقم مختص کردی ہے۔ سندھ بجٹ میں سولر انرجی کیلئے ابتدائی طور پر 5 ارب روپے مختص کی جائے گی۔
وزیر توانائی نے بتایا کہ سندھ میں 5 لاکھ ایسے گھر ہیں جہاں سرے سے بجلی کی سہولت موجود ہی نہیں ہے، سندھ بھر میں سولر پارک اور منی گرڈ اسٹیشن لگائے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں سولر پینل انتہائی رعایتی قیمت پر دینے کی اسکیم بھی لارہے ہیں۔ غریب اور متوسط طبقے کو 2 لاکھ سولر پینلز دیئے جائیں گے، سولر پینلز کی قیمت کا 80 فیصد حکومت جبکہ صرف 20 فیصد عوام سے لیا جائے گا۔