سندھ میں ہائر ایجوکیشن بجٹ وفاق سے زیادہ رکھے جانے امکان
اٹھارویں ترمیم کے بعد اگرچہ ہائر ایجوکیشن صوبائی حکومتوں کے ماتحت ہوچکا ہے، تاہم اس باوجود کئی سال سے وفاقی حکومت اعلیٰ تعلیم کے لیے خطیر بجٹ مختص کرتی تھی لیکن اس بار سندھ حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت سے زیادہ بجٹ رکھے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے مالی سال25-2024 کا اعلی تعلیم کے بجٹ کو 22 ارب روپے سے بڑھا کر30 ارب روپے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں سمری وزیر اعلیٰ کو بھیج دی گئی۔
دوسری جانب وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کا بجٹ 65ارب روپے سے کم کرکے 25ارب روپے کیا جارہا ہے۔
یوں سندھ حکومت کا ہائر ایجوکیشن کا بجٹ وفاقی حکومت سے زیادہ ہو جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن اس سال صوبوں کو بلکل بجٹ نہیں دے گی گزشتہ برس اس کی جانب سے سندھ کی جامعات کو 13 ارب روپے دیئے گئے تھے جو اب نہیں ملیں گے اس لئے سندھ حکومت کو بجٹ میں مزید اضافہ کرنا پڑے گا کیونکہ صرف جامعہ کراچی اور جامعہ سندھ کا بجٹ چار ارب روپے ہے جب کہ این ای ڈی اور مہران یونیورسٹی کا بجٹ دو ارب روپے سے زائد ہے ۔
ادھر وفاقی ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے صوبائی جامعات کو بجٹ نہ دینے کے خلاف سندھ بھر کی سرکاری جامعات میں یوم سیاہ منانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔