سمندری طوفان سندھ سے دور ہونے لگا، سندھ بھر میں شدید بارشیں

بحیرہ عرب میں بھارت کے رن کچھ کے مقام پر پیدا ہونے والا سمندری طوفان سندھ سے دور ہونے لگا، تاہم طوفان کے اثر کی وجہ سے سندھ بھر میں شدید بارشیں اور طغیانی سے کئی شہر زیر آب گئے جب کہ درجنوں دیہات بھی ڈوب گئے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان اسنیٰ کراچی سمیت سندھ کی ساحلی پٹی سے دور مزید دور ہو گیا، بلوچستان کی ساحلی پٹی کی جانب بڑھتے ہوئے طوفان کا رخ عمان کی جانب ہو گا، طوفان سمندر میں ہی کمزور ہو کر ختم ہونے کا امکان ہے، کسی ساحل سے ٹکرانے کا امکان نہیں۔
طوفان کے دوران سمندر میں شدید طغیانی رہ سکتی ہے، سمندر میں ہوائیں 60 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ اور جھکڑ 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کو چھو سکتے ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جو کراچی کے جنوب مغرب سے 230 کلو میٹر دور ہے۔
طوفان کے دور ہونے کے باوجود آج صوبائی دارالحکومت کراچی میں وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے، اس دوران کراچی میں 60 سے 70 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
اس کے علاوہ بدین، ٹھٹہ، سجاول، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب سندھ بھر میں مسلسل چار دن سے جاری بارشوں کی وجہ سے متعدد شہر تالاب میں تبدیل ہوگئے جب کہ درجنوں دیہات بھی ڈوب گئے۔