ڈوکری: رشتے کے تنازع پر مسلح افراد کا گھر پر دھاوا، لڑکی قتل

unnamed

ڈوکری: ڈوکری کے قریب یونیورسٹی تھانے کی حدود میں واقع گاؤں گڈ میں رشتے کے معاملے پر 15 سالہ لڑکی صدف دختر ندیم بگھیو کو مبینہ طور پر پستول سے فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ڈوکری اسپتال منتقل کردی گئی۔ مقتولہ کی والدہ مسمات حفیظان بگھیو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سہیل گوپانگ، دیدار کلہوڑو سمیت چار مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے اور صدف بگھیو پر فائرنگ کرکے اسے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل گوپانگ کے ساتھ رشتے کے معاملے پر تنازع جاری تھا، جبکہ ایک سال قبل عدالت کے ذریعے صدف اور سہیل گوپانگ کے درمیان طلاق ہوچکی تھی۔ دوسری جانب یونیورسٹی خیر محمد آریجا پولیس کے مطابق ندیم بگھیو اور سہیل گوپانگ کے خاندانوں کے درمیان رشتے کے معاملے میں تعلق قائم ہوا تھا، جس کے تحت ندیم بگھیو نے اپنی بیٹی صدف کی شادی سہیل گوپانگ سے کی تھی۔ پولیس کے مطابق ایک سال قبل دونوں کے درمیان عدالت کے ذریعے طلاق ہونے کے بعد فریقین میں تنازع پیدا ہوگیا تھا۔پ ولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سہیل گوپانگ نے گھر میں داخل ہوکر صدف بگھیو کو فائرنگ کرکے قتل کیا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی جارہی ہے۔