سندھ کے ڈاکو دھمکی دے رہے ہیں کہ سیما حیدر کو واپس لائیں ورنہ آپ بھارت جائیں، بلوچستان کے سینیٹر دنیش کمار

سندھ چھوڑ کر بھارت جانے والی سیما حیدر اور انڈیا چھوڑ کر پاکستان پہنچنے والی انجو کا معاملہ مشترکہ ایوان میں پہنچ گیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران بلوچستان کے اقلیتی سینیٹر دنیش کمار کا کہنا تھا کہ سیما حیدر پاکستان سے بھارت گئیں مگر دھمکیاں ہمیں ہندوؤں کو مل رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ڈاکو ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں کہ سیما حیدر کو واپس لائیں۔

سینیٹر نے مزید کہا کہ ڈاکو کہتے ہیں کہ سیما کو واپس نہیں لا سکتے تو پھر آپ لوگ بھی بھارت چلے جائیں۔

دنیش کمار نے کہا کہ انہیں دھمکی آمیز ویڈیو بھجوائی گئی ہیں ، ہم پاکستان کے پرچم کا سفید حصہ ہیں۔اس دھرتی کیلئے ہم نے بھی قربانیاں دی ہیں۔

سندھ کی سیما حیدر نے بھارتی صدر سے شہریت دینے کی اپیل کردی

سینیٹر دنیش کمار نے مزید کہا کہ ریاست کا کام ہے کہ ہمیں تحفظ دیا جائے۔

انہوں نے سوال کیا کہ سیما حیدر کو کیا ہم نے بھگایا تھا؟ یا انجو کو ہم نے بلایا ہے؟

خیال رہے کہ سیما حیدر بھارتی نوجوان کی محبت میں اپنے چار بچوں کے ہمراہ انڈیا پہنچ گئی تھی۔سیما حیدر دو ممالک سے ہوتی ہوئی انڈیا پہنچی اور اب دونوں شادی بھی کر چکے ہیں۔

دوسری جانب بھارت کی انجو حال ہی میں بھارت سے پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواہ پہنچیں تھیں، جہاں انہوں نے پاکستانی عاشق سے شادی کرلی تھی۔