شکارپور سے ڈاکو ایس ایچ او سمیت 5 اہلکاروں کو اغو کرگئے
شمالی سندھ کے ضلع شکارپور کی تحصیل خانپور میں ڈاکوؤں نے کچے کے علاقے میں پولیس چوکی پر حملہ کرکے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) اور ان کے بیٹے سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔
پولیس کے مطابق خانپور کے علاقے کچے کوٹ شاہو میں ڈاکوؤں نے پولیس چوکی پر حملہ کرکے ایس ایچ او سمیت 5 پولیس اہلکاروں کو اغوا کرلیا۔
کچے کے علاقے میں اس سے قبل بھی متعدد ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں، جس میں ڈاکو پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے لے جاتے ہیں اور بعد ازاں ان کی رہائی مذاکرات یا قیدیوں کی رہائی کے ذریعے ممکن بنائی جاتی ہے۔
؎اغوا ہونے والوں میں ایس ایچ اوکوٹ شاہو محبوب بروہی ہیڈ محررسمیت پانچ اہلکار شامل ہیں، ڈاکوؤں پولیس اہلکاروں کو اغوا کرکے کچے کی طرف فرار ہوگئے۔
شکارپور ایس ایس پی بھاری پولیس نفری کے ساتھ مغوی اہلکاروں کی بازیابی کیلئے کچے کے علائقے میں پہنچ گئے اور رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
پولیس اہلکاروں کی بازیابی کے لیے کچے کے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور کچے کے داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔
ایس اہس پی خالد مصطفی کورائی کے مطابق مغوی پولیس اہلکاروں کو جلد بازیاب کروالیا جائے گا۔
واضح رہے ایک ماہ کے دوران پولیس اہلکاروں کے اغوا کا تیسرا واقعہ ہے جبکہ ذرائع کے مطابق کچے کے علاقوں میں موجود ڈاکو نہ صرف شہریوں بلکہ پولیس اہلکاروں کے لئے بھی درد سر بنے ہوئے ہیں۔