سندھ اسمال انڈسٹریز کی خاتون ڈائریکٹر دفتر میں جنسی ہراسانی کا شکار
سندھ کے محتسبِ اعلیٰ نے سندھ اسمال انڈسٹریز کی خاتون ڈائریکٹر کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت پر مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سندھ اسمال انڈسٹریز اور ڈائریکٹر کو جواب کے ساتھ طلب کر لیا۔
سرکاری اداروں سمیت نجی اداروں میں خواتین ملازمین کو جنسی طور پر ہراساں کرنا کوئی نئی بات نہیں لیکن مذکورہ واقعے میں ڈائریکٹر سطح کے اعلی عہدے پر براجمان خاتون کو ہراساں کیا گیا۔
شکایت کنندہ خاتون کے مطابق انہیں کام کے دوران ہراساں کیا جاتا ہے اور ان سے ناجائز مطالبات کیے جاتے ہیں۔
خاتون نے شکایت میں الزام عائد کیا کہ انہیں بار بار ہوٹل میں ساتھ جانے کی آفرز کی جاتی ہیں، دونوں افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
خاتون کی شکایت پر محتسبِ اعلیٰ نے سماعت کے دوران دونوں افسران، ایم ڈی سندھ اسمال انڈسٹریز اور ڈائریکٹر کو 26 اکتوبر تک جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
محتسبٍ اعلیٰ نے سماعت کے دوران کہا ہے کہ دونوں افسران پیش نہ ہوئے تو ان کی غیر موجودگی میں شکایت کا فیصلہ کر دیا جائے گا۔