خیرپور میں نارا کینال میں کشتی ڈوبنے سے 11 افراد ڈوب گئے، 6 کے جاں بحق ہونے کے امکانات بڑھ گئے

ضلع خیر پور کے علاقے کھینواری کے قریب نارا کینال شادی کے باراتیوں کو لے جانے والی کشتی الٹنے سے 11 افراد ڈوب گئے جن میں سے 5 کو بچالیا گیا جب کہ 6 افراد کی تلاش جاری ہے اور ریسکیو اہلکاروں کے مطابق ڈوبنے والے 6 ہی افراد جں بحق ہوگئے ہوں گے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ کشتی میں 11 افراد سوار تھے جن میں سے کچھ کو دیہاتیوں نے جبکہ کچھ اپنی مدد آپ کے تحت باہر آنےمیں کامیاب ہوئے ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق کشتی الٹ جانے سے 6 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

کشتی میں سوار افراد شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے قریبی گاؤں جا رہے تھے، ڈوبنے والوں کا تعلق شر برادری سے ہے، کشتی میں سوار تمام افراد گوٹھ جمال الدین کے رہائشی تھے۔