سندھ حکومت کا یکم نومبر سے غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان
غیر قانونی افغان مہاجرین کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن ختم ہونے پر سندھ حکومت نے یکم نومبر سے افغانیوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کرنے کا اعلان کردیا۔
حکومت پاکستان اور سندھ حکومت نے افغانیوں کو یکم نومبر تک ملک چھوڑ جانے کا حکم دیا تھا اور عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا۔
مہلت ختم ہونے پر نگران وزیرِ داخلہ سندھ بریگیڈیئر (ر) حارث نواز نے جاری بیان میں کہا کہ یکم نومبر سے افغان شہریوں سمیت تمام غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلا کے اعلان پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہولڈنگ اسٹیشنز بنا لیے گئے ہیں جہاں تارکین وطن کو کھانا پینا فراہم کیا جائے گا۔
نگران وزیرِ داخلہ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو یکم نومبر سے فارن ایکٹ کے تحت گرفتار کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ گرفتار افراد کو افغانستان یا متعلقہ ممالک واپس بھیجا جائے گا۔
دوسری جانب افغان قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ کراچی سے تقریباً سوا لاکھ افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں افغان قونصل خانے کے تحت رجسٹریشن کا کام بھی جاری ہے۔