قمبر میں پولیس اہلکار کی دو بیویاں لڑ پڑیں، ایک تھانے، دوسری اسپتال داخل

قمبر شہر میں پولیس اہلکار امداد علی مگسی کی دونوں بیویاں آپس میں لڑ پڑیں، بڑی سوتن نے اپنی چھوٹی سوکن کو چھریوں کے وار کرکے سخت زخمی کردیا، جسے ہنگامی بنیادوں پر اسپتال لے جایا گیا جب کہ حملہ کرنے والی خاتون کو گرفتار کرکے تھانے بھیج دیا گیا۔

دونوں خواتین فیصل کالونی میں اس وقت لڑ پڑیں جب ان کے شوہر گھر پر موجود نہیں تھی، بڑی سوتن آسیا نے چھریوں کے وار کرکے اپنی چھوٹی سوکن 22 سالہ ریشماں چانڈیو کو زخمی کردیا، جسے پڑوسیوں نے ہنگامی بنیادوں پر اسپتال پہنچایا، تاہم بعد ازاں ان کی حالت مزید خراب ہونے پر انہیں لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل اسپتال پہنچایا گیا۔

زخمی خاتون کے ماموں کی فریاد پر پولیس نے مقدمہ دائر کرکے پولیس اہلکار کی بڑی اہلیہ کو گرفتار کرکے وومین تھانے بھیج دیا۔

پولیس کے مطابق اہلکار نے دو سال قبل نوجوان ریشماں سے پسند کی شادی کی تھی، جس پر ان کی بڑی اہلیہ ناراض تھیں اور گھر میں چھوٹی موٹی لڑائیاں جاری رہتی تھیں۔