سندھ حکومت نے آلات کی خریداری کے لیے رینجرز کو ایک ارب 38 کروڑ دینے کی منظوری دیدی
نگران وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ہونے والے کابینا کے اجلاس نے رینجرز کو مختلف آلات خریدنے کے لیے ایک ارب 38 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
سندھ حکومت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعلیٰ سندھ مقبول باقر کی سرابرہی میں سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، صوبائی وزرا، چیف سیکریٹری، ایڈووکیٹ جنرل اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران سیکریٹری ایجوکیشن نے کابینا کو بتایا کہ سندھ میں 9 ہزار 901 اسکولوں کو مرمت کی ضرورت ہے جس پر ان اسکولوں کی مرمت کے لیے تین ارب 30 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔
سندھ کابینہ نے اجلاس کے دوران پولنگ کے لیے اسکولوں کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔
حکمۂ داخلہ سندھ نے اجلاس کو بتایا کہ پاکستان رینجرز نے ایک ارب 38 کروڑ روپے کے فنڈز طلب کیے ہیں، جن سے رینجرز واٹر کینن، کوئیک ریسپانس وہیکلز، مواصلاتی آلات خریدے گی۔
سندھ کابینا نے غور و خوض کے بعد پاکستان رینجرز کو فنڈز دینے کی منظوری بھی دے دی۔