حلقہ بندیوں میں خیرپور، سانگھڑ اور ٹھٹھہ کی نشستیں کم، کراچی ڈویژن کی بڑھ گئیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی نئی حلقہ بندیوں میں سندھ کی صوبائی اور قومی اسمبلی کی نشستوں میں تبدیلی کے بعد کراچی ڈویژن کی نشستیں بڑھ گئیں۔
نئی حلقہ بندیوں کے مطابق کراچی ڈویژن کے ضلع ملیر، کراچی ایسٹ اور کراچی سینٹرل کی صوبائی اسمبلی کی ایک ایک نشست میں اضافہ ہوگیا جب کہ خیرپور، سانگھڑ اور ٹھٹھہ کی ایک ایک صوبائی نشست کم ہوگئی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نئی حلقہ بندیوں میں سانگھڑ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست کم جب کہ کراچی ساوتھ کی قومی اسمبلی کی ایک نشست بڑھ گئی۔
نئی حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست کے مطابق ملک بھر میں صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں کے تعداد 593 ہوگی۔
حتمی فہرست کے مطابق پنجاب میں صوبائی اسمبلی کی جنرل نشستوں کی تعداد 297، سندھ میں 130 جنرل نشستیں، خیبرپختونخوا میں 115 اوربلوچستان کی صوبائی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 51 ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ کی صوبائی اسمبلی میں 130 جنرل نشستیں ہوں گی۔
سندھ کی صوبائی اسمبلی میں کراچی ایسٹ کی جنرل نشستوں کی تعداد 9، کراچی سینٹرل 9، کورنگی 7، کراچی ویسٹ 6، ملیر 6، کراچی ساؤتھ 5 اور کیماڑی کی جنرل نشستوں کی تعداد بھی 5 ہوگی۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست کے مطابق سندھ کی صوبائی اسمبلی کیلئے حیدر آباد کی جنرل نشستوں کی تعداد 6 ہوگی، خیر پور 6، سانگھڑ اور بدین کی 5-5 نشستیں ہوں گی۔
سندھ کی صوبائی اسمبلی کیلئے سکھر کی جنرل نشستیں 4، لاڑکانہ 4، قنبر شہداد کوٹ 4، گھوٹکی 4، شہید بینظیرآباد 4، نوشہروفیروز 4، میر پور خاص کی 4، تھرپارکر اور دادو کی بھی 4-4 نشستیں ہوں گی۔
صوبائی اسمبلی میں جیکب آباد کی جنرل نشستوں کی تعداد 3 ہوگی، کشمور 3، شکار پور 3 جبکہ عمر کوٹ اور جامشورو کی بھی 3-3 نشستیں ہوں گی۔
حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست کے مطابق مٹیاری کی صوبائی اسمبلی میں جنرل نشستوں کی تعداد 2، ٹنڈوالہیار 2، ٹنڈو محمد خان 2 جبکہ سجاول اور ٹھٹھہ کی بھی 2-2 نشستیں ہوں گی۔