سندھ میں ایچ آئی وی کے مریضوں کی تعداد 23 ہزار تک جا پہنچی

سندھ حکومت کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ ایچ آئی وی مریضوں کی تعداد 23 ہزار 300 تک جا پہنچی ہے جب کہ 10 ماہ قبل یہ تعداد 20 ہزار سے بھی کم تھی، یعنی ایک سال سے بھی کم عرصے میں صوبے کے اندر تین ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈائریکٹوریٹ کمیونیکیبل ڈیزیز کنٹرول نے 10 ماہ قبل بتایا تھا کہ سندھ میں ایچ آئی وی کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 19 ہزار 766 ہو گئی۔

اب یکم دسمبر عالمی یوم تحفظ ایڈز کے موقع پر سندھ حکومت نے مریضوں کی تعداد 23 ہزار 300 سے زائد ہونے کی تصدیق کی۔

سندھ میں ایچ آئی وی مریضوں کی تعداد 19 ہزار 766 ہو گئی

حکام کے مطابق سندھ سمیت پاکستان بھر سے ماہانہ 900 سے ایک ہزار ایچ آئی وی کیسز سامنے آ رہے ہیں اور سالانہ تقریبا 10 ہزار نئے مریضوں کا اضافہ ہو رہا ہےْ۔

سندھ ایڈز کنٹرول پروگرام کے مطابق صوبے میں رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 23 ہزار 300 سے زیادہ ہے، جن میں متاثرہ مردوں کی تعداد 13 ہزار سے زائد ہے جبکہ متاثرہ خواتین کی تعداد 3 ہزار 700 سو سے زائد ہے۔

بدقسمتی سے 1500 تک بچے، 900 سے زائد بچیاں اور 700 سے زائد خواجہ سرا بھی اس موذی مرض میں مبتلا ہیں۔

ایچ آئی وی ایڈز کنٹرول پروگرام کے سربراہ ڈاکٹر سکندر کا کہنا ہے کہ ایچ آئی وی ایڈز کے علاج کے لیے سندھ میں بیس سے زیادہ مراکز کام کر رہے ہیں۔ کراچی میں آٹھ، لاڑکانہ، سکھر، شہید بینظیرآباد، میرپور خاص اور حیدرآباد میں ایک ایک سینٹر قائم ہے۔

سندھ میں سب سے زیادہ مریض دارالحکومت کراچی جب کہ دوسرے نمبر پر لاڑکانہ ڈویژن میں ہیں۔