کلچرل ڈے: سندھ اجرک، ٹوپی، جھمر اور گیتوں سے جھوم اٹھا
ثقافتی عید کے موقع پر سندھ بھر میں کراچی سے لے کر کشمور تک تمام شہر اجرک، ٹوپی، جھمر اور قومی گیتوں سے گونج اٹھا، شہر، شہر، قصبے، قصبے میں ہونے والی تقریبات میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کی بھرپور شرکت۔
سندھ میں ہر سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں ثقافتی دن منایا جاتا ہے، جسے صوبے کے لوگ ثقافتی عید کے طور پر مناتے ہیں اور اس دن کے لیے تمام بچے، خواتین اور بزرگ افراد خصوصی لباس تیار کرواتے ہیں۔
سندھی ثقافتی دن کے موقع پر دارالحکومت کراچی کے پریس کلب سمیت دیگر مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جب کہ حیدرآباد میں بھی پریس کلب سمیت دیگر مقامات پر مختلف تقریبات رکھی گئیں۔
سندھی ثقافتی دن:جسے دیکھ کر دوسروں نے بھی کلچر ڈے منانا شروع کیے
اب پاکستان میں مہاجر ثقافتی دن، پنجابی کلچرل ڈے، پشتون ثقافتی دن، سرائیکی کلچر ڈے اور بلوچ ثقافتی دن سمیت دیگر ثقافتی دن بھی منائے جاتے ہیں#SindhiCultureDay2023 #SindhMatters #SindhiCulturehttps://t.co/EcvvjqLgie— Sindh Matters – سندھ میٹرز (@SindhMatters) December 2, 2023
اسی طرح صوبے کے تمام ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے شہروں سمیت چھوٹے شہروں میں بھی تقریبات منعقد کی گئیں جب کہ ہزاروں دیہاتوں میں بھی لوگوں نے ثقافتی دن منایا۔
خیال رہے کہ سندھ بھر میں ہر سال دسمبر کے پہلے ہفتے میں سندھی ثقافت کا دن منایا جاتا ہے اور اسے 2010 سے منایا جا رہا ہے۔
سندھی ثقافتی دن کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے دوسرے صوبوں اور خطوں میں رہنے والی برادریوں اور قوموں نے بھی اپنے ثقافتی دن منانا شروع کیے تھے۔