سندھ کے کسی اسکول میں گدھا بندھا ہوا نہیں دیکھا، وزیر تعلیم رعنا حسین

نگران وزیرِ تعلیم سندھ رعنا حسین کا کہنا ہے کہ انہوں نے آج تل سندھ کے کسی بھی اسکول میں گدھے بندھے نہیں دیکھے جب کہ محکمہ تعلیم میں کرپشن کی باتیں بھی غلط ہیں۔

دارالحکومت کراچی میں رعنا حسین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی آنکھیں ڈی اوز اور ڈائریکٹرز کو بنایا ہوا ہے، اسکولوں کی مرمت سے متعلق پروگرام تیار ہے، محکمۂ تعلیم کو غلط چشمے سے دیکھا جاتا ہے، محکمۂ تعلیم سندھ میں کرپشن کی باتیں درست نہیں۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ حکومت میں گھوسٹ اسکولز اور اساتذہ پر قابو پایا گیا اور اساتذہ کی شفاف بھرتیاں کی گئیں۔

اُنہوں نے کہا کہ جہاں ہمیں مسائل نظر آئے وہاں سے افسران کو ہٹا دیا ہے، سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کی کتابوں کے کاغذ کی کوالٹی شاید اچھی نہ ہو لیکن دیگر پبلشرز کے مقابلے میں سندھ ٹیکسٹ بورڈ کی کتابیں سستی ہیں۔

نگران وزیرِ تعلیم سندھ نے مزید کہا کہ ہر سال نئی کتابیں نہیں چھاپنی چاہئیں، کتابیں پڑھنے کے بعد واپس جمع کروانی چاہئیں، ہمارے نصابِ تعلیم کو فرسودہ نہ کہا جائے، یہ معیوب لفظ ہے، یونیسیف ہمارے نصاب کی تعریف کر چکا ہے۔