جانوروں کی بیماریوں کی ماہر تھرپارکر کی خاتون مائی سلیمت انتقال کر گئیں
صحرائے تھر کی جانوروں کی بیماریوں کی ماہر خاتون مائی سلیمت 96 برس کی عمر میں کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئیں، وہ پورے علاقے میں جانوروں کی بیماریوں کی مستند ماہر مانی جاتی تھیں۔
مائی سلیمت کی پیدائش ضلع تھرپارکر کے گوٹھ تگوسر میں ہوئی تھی، کم عمری میں ہی انہیں جانوروں سے انسیت تھی، وہ نہ صرف جانوروں کو پالتی تھیں بلکہ انہیں اپنے خاندان کا فرد سمجھ کر بیماریوں میں ان کی تیمارداری بھی کرتی تھیں۔
روزنامہ کاوش کے مطابق مائی سلیمت جانوروں کی بیماریوں کی اس قدر ماہر تھیں کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے گھوڑے کو بھی علاج کے لیے ان کے پاس لے جایا گیا تھا۔
وہ اپنی مہارت کی وجہ سے اتنی مشہور تھیں کہ سابق وزیر خارجہ اور صحرائے تھر میں لاکھوں مرید رکھنے والے شاہ محمود قریشی بھی ان سے ملاقات کے لیے ان کے گھر گئے تھے۔
مائی سلیمت نے جانوروں کی بیماریوں کی کہیں سے تعلیم اور تربیت نہیں لی تھی لیکن بچپن سے ہی جانوروں سے انسیت، ان کے ساتھ رہنے کی وجہ سے انہیں جانوروں میں ہونے والی بیماریوں اور ان سے بچائو کے طریقے آگئے تھے اور وہ ان کا علاج کرتی آ رہی تھیں۔
مائی سلیمت نے کم عمری میں ہی جانوروں کے ساتھ رہنا شروع کیا اور ایک طرح سے انہوں نے زندگی کے 85 سال جانوروں کے ساتھ گزارے اور ان کے انتقال پر پورے علاقے کے افراد افسردہ دکھائی دیے۔