خانپور مہر میں بدلے میں پسند کی شادی کرنے والے لڑکے کی دو بہنیں اغوا
ضلع گھوٹکی کے شہر خانپور مہر کے قریب اسلحہ بردار ملزمان پسند کی شادی کرنے والے نوجوان کی دو جواں سالہ بہنوں کو ہتھیاروں کے زور پر اغوا کرکے لے گئے، مزاحمت پر 4 افراد زخمی بھی ہوگئے۔
روزنامہ پنھنجی اخبار کے مطابق خانپور مہر کے ریگستانی علاقے کے گاؤں ہیکھل پٹ پر خیرپور ضلع کے شہر چونڈکو سے تعلق رکھنے والے ابڑو برادری کے اسلحہ بردار ملزمان نے حملہ کرکے دو جواں سالہ لڑکیوں کو اغوا کیا۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان کی جانب سے لڑکیوں کو اغوا کرنے کے بعد گاؤں والوں نے مزاحمت بھی کی، جس پر مہر برادری کے چار افراد زخمی بھی ہوگئے، جنہیں پہلے پولیس تھانے اور بعد ازاں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے مہر برادری کے افراد کی فریاد پر لڑکیوں کے اغوا کا مقدمہ دائر کردیا، تاہم دوسری جانب تاحال لڑکیوں کی بازیابی میں کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔
واقعے کے بعد غلام محمد مہر اور حبیب مہر نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے تصدیق کی کہ ان کے لڑکے حنیف مہر نے ابڑو برادری کی لڑکی سے پسند کی شادی کی ہے، تاہم شادی کے بعد لڑکا اور لڑکی غائب ہیں۔
ان کے مطابق انہوں نے ابڑو برادری کے افراد سے چند دن کی مہلت مانگی تھی اور یقین دہانی کروائی تھی کہ پسند کی شادی کرنے والی لڑکی کو واپس لاکر ورثا کے حوالے کیا جائے گا لیکن انہوں نے ایک بات نہ مانی اور حملہ کردیا۔
ملزمان نے پسند کی شادی کرنے والے لڑکے حنیف مہر کی دو جواں سالہ بہنوں کو بدلے میں اغوا کرلیا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی اور خوف پھیل گیا۔