سندھ میں خواتین کی شرح خواندگی مردوں سے کم

وفاقی وزارت تعلیم نے ملک بھر میں شرح خواندگی سے متعلق تازہ رپورٹ سینیٹ میں ہیش کردی، جس کے مطابق سندھ میں مردوں کے مقابلے خواتین کی شرح خواندگی کم ہے۔

سندھ میں مجموعی طور پر شرح خواندگی 61.8 فیصد ہے، مردوں کی شرح خواندگی 72.9 فیصد جب کہ خواتین کی شرح 49.7 فیصد ہے، یعنی صوبے میں خواتین کی شرح مردوں سے تقریبا 12 فیصد کم ہے۔

پاکستان میں 10 سال اور زائد عمر کے افراد کی شرح خواندگی سے متعلق معاشی سروے برائے 2022ء تا 2023ء سینیٹ اجلاس میں پیش کردیا گیا۔ اجلاس میں وزارت تعلیم کی جانب سے دیے گئے جواب میں بتایا گیا ہےکہ پاکستان میں مجموعی طور پر شرح خواندگی 62 عشاریہ 8 فیصد ہے۔

وزارت تعلیم کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ ملک بھر میں خواتین کی شرح خواندگی 51.9 اور مردوں کی 73.4 فیصد ہے، خواتین میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں 36.8 اور مردوں میں 69.5 فیصد ہے۔

اسی طرح خیبرپختونخوا میں خواتین کی شرح خواندگی 37.4 ، مردوں کی 72.8 فیصد، سندھ میں خواتین کی شرح خواندگی 49.7 ، مردوں کی 72.9 فیصد اور پنجاب میں خواتین کی شرح خواندگی 58.4 فیصد اور مردوں کی 74.2 فیصد ہے۔

سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں شرح خواندگی 62.8 فیصد ہے، صوبوں میں سب سے کم شرح خواندگی بلوچستان میں 54.5 فیصد ہے جبکہ پنجاب میں شرح خواندگی66.3، سندھ میں 61.8 فیصد اور خیبرپختونخوا میں شرح خواندگی 55.1 فیصد ہے۔