سندھ سمیت پاکستان میں غربت کے خاتمے اور صنفی مساوات کے لیے کوشاں ہیں، نیلو فر بختیار

نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن (این سی ایس ڈبلیو) نے "خواتین اور لڑکیوں کو بااختیار اور خود مختار بنانے کے مالیاتی تجزیہ کی ضرورت” پر قومی رپورٹ کی تیاری کے لیے صوبائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ صوبائی دارالحکومت کراچی میں ایک روزہ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا۔

این سی ایس ڈبلیو نے اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں یونیسیف، یو این ویمن، یو این ایف پی اے اور یو این ڈی پی کی معاونت سے نجی ہوٹل میں تقریب اور مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا۔

تقریب کی مہمان خصوصی وزیر برائے خواتین ترقی و سماجی بہبود سندھ محترمہ رعنا حسین، سیکرٹری وزارت انسانی حقوق جناب علاؤالدین، چیئرپرسن سندھ کمیشن برائے خواتین محترمہ نزہت شیریں، تمام کنسورشیم پارٹنرز، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندے، نوجوانوں، تعلیمی اداروں کے نمائندوں، میڈیا پارٹنرز، صنفی تفریق کے خاتمے کے لیے کام کرنے والے ماہرین، سرکاری محکموں کے نمائندوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں اور این جی اوز کے ارکان نے شرکت کی

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نیلوفر بختیار نے اپنے خیرمقدمی کلمات میں کہا کہ این سی ایس ڈبلیو اور کنسورشیم کے شراکت داروں کی جانب سے سی ایس ڈبلیو اجلاس سے قبل کی مشاورت کا مقصد حکومت، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور بین الاقوامی تنظیموں کے درمیان موجودہ تعاون کا تجزیہ کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اقتصادی بااختیار بنانے اور غربت کے خاتمے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے صنف سے متعلق مسائل کے لیے جامع اور پائیدار حل تیار کرنے کے منتظر ہیں۔

نیلو فر بختیار نے بتایا کہ سی ایس ڈبلیو کے رواں برس منعقد ہونے والے 68ویں اجلاس کا بنیادی موضوع بھی یہی ہے، غربت اور صنفی مساوات کو بیک وقت فروغ دینا، غربت اور صنفی مسائل کے باہمی تعلق کو پہچاننا اور حکومتوں، این جی اوز، کمیونٹیز اور پرائیویٹ سیکٹر کی مشترکہ کوششوں کے ذریعے ان کو حل کیا جانا ہمارے یہاں اکٹھے ہونے کا بنیادی مقصد ہے۔

این سی ایس ڈبلیو کی چیئرپرسن کا کہنا تھا کہ پاکستان بھر میں مشاورت کا یہ سلسلہ پیش رفت کا جائزہ لینے اور صنفی مساوات کے حصول میں رکاوٹ بننے والے مستقل مسائل کی نشاندہی کرنے کا ایک موقع ہے جو اس سال CSW کے 68ویں اجلاس کی رپورٹ میں بیان کیے جائیں گے۔ "خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا صرف ایک مقصد نہیں، یہ غربت کو ختم کرنے کا پائیدار ذریعہ ہے۔ آئیے ہم تعلیم، صنعت کاری، اور تمام خواتین کے لیے یکساں مواقع میں سرمایہ کاری کریں۔، "

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کی ترقی اور سماجی بہبود کی نگران صوبائی وزیر رعنا حسین نے پورے پاکستان میں این سی ایس ڈبلیو کی رسائی اور سی ایس ڈبلیو کے لیے اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کے خیال کو سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی خواتین ترقی پسند ہیں، مقابلہ کرنے والی ہیں اور ان تمام شعبوں میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں جو ایک جامعیت کی عکاسی کرتی ہیں۔

نگران صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تمام شعبوں میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کے لیے کوشاں رہی ہے اور رہے گی، ہم پہلے ہی چائلڈ میرج بل اور ہندو میرج ایکٹ کی قیادت کر رہے ہیں جو سب کے لیے برابری کے لیے ہمارے سنجیدہ نقطہ نظر کے لیے خود وضاحتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ این سی ایس ڈبلیو اور اقوام متحدہ کے شراکت داروں کے تعاون سے ہم یقینی طور پر فورم کی سفارشات کی چھان بین کریں گے، غربت اور صنفی مساوات کے مسائل گہرے طور پر جڑے ہوئے ہیں اور ایک روشن اور زیادہ مساوی مستقبل کے لیے ہماری اجتماعی کوششوں کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں احساس ہے اور ہم تسلیم کرتے ہیں کہ خواتین سمیت ہمارے بہت سے ساتھی شہری اپنی بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے روزانہ جدوجہد کرتے ہیں، ہم ایسی مضبوط پالیسیوں اور اقدامات کو نافذ کرنے کے لیے وقف ہیں جو ہم میں سے سب سے زیادہ کمزور لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

تقریب کے دوران نگران وزیر داخلہ سندھ بریگیڈیئر حارث نواز نے چیئرپرسن این سی ایس ڈبلیو کی متحرک قیادت اور رانی پور کیس اور کشمور اغوا کیس کی وکالت میں کمیشن کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بطور صوبائی وزیر داخلہ وہ اسٹریٹ کرائمز، نوجوان لڑکیوں اور لڑکوں کے ذریعے استعمال ہونے والی منشیات، اسمگلنگ اور غیر قانونی تارکین وطن کو روکنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔

اس موقع پر سیکرٹری وزارت انسانی حقوق علاؤالدین خواجہ نے کہا کہ خواتین کو اختلاف رائے کا حق ہونا چاہیے، حقیقی طور پر یہی حق خواتین کو بااختیار بنانا ہے، خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا صرف ایک اخلاقی ضرورت نہیں بلکہ ایک حکمت عملی ہے۔ یہ پائیدار ترقی، سماجی ترقی، اور جامع ترقی کے لیے ایک کلیدی محرک ہے۔ جب خواتین معاشی طور پر بااختیار ہوتی ہیں، معاشرے ترقی کرتے ہیں، کاروبار ترقی کرتے ہیں، اور کمیونٹیز کی مجموعی فلاح و بہبود میں بہتری آتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم نے خواتین کے لیے 5 بلین روپے کے پیکیج کی منظوری دی ہے کیونکہ حکومت کی خصوصی توجہ خواتین کو متاثر کرنے والی غربت کے خاتمے پر ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کمیشن برائے خواتین کی چیئرپرسن نزہت شیریں نے کہا کہ سندھ کمیشن غربت کے خاتمے اور خواتین کی معاشی ترقی کے لیے ریاستی اقدامات کی حمایت کرتا رہا ہے۔

سیکرٹری این سی ایس ڈبلیو خواجہ عمران نے کہا کہ این سی ڈبلیو کی کاوشویں قابل ستائش ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے شراکت داروں اور شرکا کی شرکت پران کا شکریہ بھی ادا کیا۔