سکھر سائنس فیسٹیول میں سرکاری اسکولز کے طلبہ کے سائنسی ماڈیولز کی دھوم

شمالی سندھ کے شہر سکھر میں منعقد کیے گئے تین روزہ سائنس فیسٹیول میں صوبے کے چھوٹے شہروں اور قصبوں کے سرکاری اسکولز کے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے سائنسی ماڈیولز کو دیکھ کر شائقین دنگ رہ گئے۔

سکھر میں 25 سے 27 جنوری تک پہلے سائنس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جہاں سندھ کے مختلف اضلاع کے طلبہ و طالبات نے اپنے سائنسی ماڈیولز پیش کیے۔

سکھر سائنس فیسٹیول میں صوبے کے مختلف اسکولوں کے 6 ہزار سے زائد طلبہ نے شرکت کی جب کہ ہزاروں اساتذہ، ماہرین اور سماجی کارکنان بھی فیسٹیول کا حصہ رہے۔

سکھر سائنس فیسٹیول میں سندھ کے پس ماندہ اور قبائلی تصادم کے لیے بدنام اضلاع شکارپور، جیکب آباد، کندھ کوٹ ایٹ کشمور، قمبر ایٹ شہدادکوٹ اور لاڑکانہ سمیت دیگر اضلاع کے سرکاری اسکولوں کے طلبہ کی جانب سے پیش کیے گئے سائنسی ماڈیولز کو دیکھ کر ماہرین اور اساتذہ دنگ رہ گئے۔

شکارپور، قمبر، لاڑکانہ، جیکب آباد، خیرپور، روہڑی، سکھر، گھوٹکی اور کندھ کوٹ شہروں سمیت وہاں کے چھوٹے قصبوں کے سرکاری اسکولز کے طلبہ کی جانب سے بھی سائنسی ماڈیولز پیش کیےگئے۔

فیسٹیول میں طلبہ نے جہاں چینی تیار کرنے والی شگر ملز کے ماڈیولز پیش کیے تو وہیں طلبہ نے روبوٹس بھی پیش کیے۔

طلبہ و طالبات نے ریاضی، بائیولاجی اور کیمسٹری سمیت دیگر منصوبوں کے سائنسی ماڈیولز بھی پیش کیے۔