آصف علی زرداری کی دونوں بہنیں سندھ اسمبلی کی جنرل نشست پر کامیاب

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی دونوں بہنیں فریال ٹالپر اور عزرا فضل پیچوہو بھی سندھ اسمبلی کی جنرل نشست پر کامیاب ہوگئیں۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق فریال ٹالپر اور عذرا پیچوہو دونوں صوبائی جنرل نشستوں پر جیت گئیں، ان سمیت دو درجن کے قریب خواتین جنرل نشستوں پر انتخابی میدان میں اتری تھیں۔

فریال ٹالپر نے صوبائی حلقے پی ایس 10 لاڑکانہ ون سے 85 ہزار ووٹ لے کر نشست جیتی جب کہ وہاں دوسرے نمبر پر جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) ف کے کفایت اللہ آئے، جنہوں نے 18 ہزار سے زائد ووٹ لیے۔

ان کی ہی بہن عذرا فضل پیچوہو صوبائی نشست پی ایس 36 شہید بینظیر آباد سے 75 ہزار سے زائد ووٹ لے کر منتخب ہوئیں جب کہ وہاں آزاد امیدوار میر بہاول خان رند نے 16 ہزار سے زائد ووٹ لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی۔

سندھ میں جہاں دو خواتین صوبائی جنرل نشستوں پر جیتی ہیں، وہیں صوبے بھر سے قومی اسمبلی کی جنرل نشتوں پر بھی تین خواتین کامیاب ہوئی ہیں، جس میں سے دو شازیہ عطا مری اور نفیسہ شاہ کا تعلق پیپلز پارٹی جب کہ آسیہ اسحاق صدیقی کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے۔