کراچی اور سندھ کو الگ الگ علاقہ بیان کرنے پر جیو نیوز کے اینکر پر لوگ برہم

جیو نیوز کے اینکر جنید احمد کی جانب سے الیکشن نشریات کے دوران کراچی اور سندھ کو الگ الگ بیان کرنے پر تنقید کا سامنا ہے اور صارفین نے ٹی وی چینل سے معافی کا مطالبہ کیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جنید احمد کی مختصر ویڈیو کلپ میں انہیں کراچی اور سندھ کو الگ الگ علاقوں کے طور پر بیان کرتے سنا جا سکتا ہے۔

نیوز اینکر نشریات کے دوران سوال کرتے ہیں کہ سندھ میں نئی حکومت بنانے کے لیے فیصلہ سازی شروع ہوگئی ہے اور سوال ہے کہ سندھ کا وزیر اعلیٰ سندھ سے ہوگا یا کراچی سے بھی ہوسکتا ہے؟

نیوز اینکر کی جانب سے کراچی اور سندھ کو الگ الگ علاقوں کے طور پر بیان کرنے پر صارفین نے نہ صرف انہیں بلکہ ٹی وی چینل کی انتظامیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

صارفین نے جنید احمد کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ کیا وہ یہ سوال کر سکتے ہیں کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ پنجاب سے ہوگا یا لاہور سے؟

صارفین نے یہ بھی لکھا کہ کیا وہ کسی سے سوال کرسکتے ہیں کہ خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخواہ سے ہوں گے یا پشاور سے؟

صارفین نے جنید احمد کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے جیو نیوز کی انتظامیہ سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔

بعض صارفین نے مطالبہ کیا کہ نیوز اینکر اپنی نشریات کے دوران کراچی اور سندھ کو الگ الگ علاقے کے طور پر بیان کرنے پر معافی مانگیں۔