سندھ میں مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف پی ٹی آئی و جماعت اسلامی کا احتجاج

سندھ میں انتخابی نتائج میں مبینہ دھاندلی کیے جانے اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو توقع سے زیادہ نشستیں ملنے پر جماعت اسلامی (جے آئی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے دفتر کے باہر دھرنا دے دیا گیا۔

پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا دعویٰ ہے کہ سندھ میں انتخابی نتائج کو تبدیل کرکے ایم کیو ایم کو جتوایا گیا جب کہ بعض حلقوں میں پیپلز پارٹی کو بھی جتوایا گیا۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق سندھ میں حیران کن طور پر ایم کیو ایم نے صوبائی اسمبلی کی 28 جب کہ قومی اسمبلی کی 18 نشستیں جیتی ہیں جب کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی بمشکل تین تین نشستیں جیت پائی ہیں۔

غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے سندھ بھر سے صوبائی اسمبلی کی 84 نشستیں جیتی ہیں۔

سندھ میں مبینہ طور پر انتخابی نتائج تبدیل کیے جانے کے خلاف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے 10 فروری کو صوبائی الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر دھرنا دے دیا جب کہ دونون جماعتوں نے مظاہروں کا دائرہ سندھ بھر تک پھیلانے کا اعلان بھی کیا۔