انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹرٹرن آؤٹ تھرپارکرسندھ میں رہا، فافن کی رپورٹ
فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے الیکشن 2024 میں ووٹر ٹرن آؤٹ پر جائزہ رپورٹ جاری کر دی، جس کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقوں میں سب سے زیادہ ٹرن آؤٹ این اے 214 تھرپارکر سندھ میں 70.9 فیصد رہا۔
فافن کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووٹرزسے متعلق جاری جائزہ قومی اسمبلی کے 264 حلقوں کے فارم 47 پر مبنی ہے۔
فافن کے جائزے کے مطابق 8 فروری کو ووٹر ٹرن آؤٹ 47.6 فیصد رہا ،الیکشن 2018 میں یہ شرح 52.1 فیصد تھی۔
فافن نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 8 فروری کے الیکشن میں مجموعی ووٹر ٹرن آؤٹ 47.6 فیصد رہا، الیکشن 2018ء میں ووٹرز کی شرح 52.1 فیصد تھی، الیکشن 2024ء میں 6.06 کروڑ ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کیا،2018ء الیکشن کی نسبت 58 لاکھ زیادہ ووٹنگ مگر شرح کم رہی۔
رپورٹ کے مطابق خیبر پختونخوا میں 2018 کا ووٹر ٹرن آؤٹ 44 فیصد تھا، الیکشن 2024 میں یہ 39.5 فیصد رہا، پنجاب میں 2018 کا ووٹر ٹرن آؤٹ 56.8 فیصد تھا، الیکشن 2024 میں یہ 51.6 فیصد رہا، سندھ میں 2018 کا ووٹر ٹرن آؤٹ 47.2 فیصد تھا جو الیکشن 2024 میں 43.7 فیصد رہا، بلوچستان میں 2018 کا ووٹر ٹرن آؤٹ 45.3 فیصد تھا، یہ الیکشن 2024 میں 42.9 فیصد تھا۔
خواتین کے ووٹ ڈالے جانے کی شرح کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ الیکشن 2018 کے برعکس 2024 میں کسی حلقے سے خواتین ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 10 فیصد سے کم نہیں رہا، قومی اسمبلی کے 254 حلقوں میں خواتین ووٹرز کی تعداد 29 لاکھ اور مرد ووٹرز کی 11 لاکھ بڑھی، قومی اسمبلی کے 254 حلقوں میں مرد ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 55.6 فیصد جبکہ خواتین کا 45.6 فیصد رہا۔