آئی بی اے کے ذریعے سندھ پولیس میں 25 ہزار اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ

سندھ پولیس نے 25 ہزار اہلکاروں کو انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے ذریعے بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس رفعت مختار راجہ کی زیر صدارت 25 ہزار پولیس اہلکاروں کی بھرتی سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل) ڈی آئی جی) اسٹیبلشمنٹ، ڈی آئی جی ہیڈکواٹر، اسسٹنٹ انسپکٹر جنرلز (اے آئی جیز) آپریشنز،اسٹبلشمنٹ اورایڈمن شریک ہوئے۔
اجلاس میں وائس چانسلرسکھرآئی بی اے اور دیگرحکام نے بذریعہ ویڈیولنک شرکت کی۔
ڈی آئی جی اسٹبلشمنٹ نے پولیس اہلکاروں کی آئی بی اے کی سیبا ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے ہونے والی بھرتیوں پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی آئی جی اسٹبلشمنٹ نے اجلاس کو بتایا کہ 25 ہزاراہلکاروں کوبھرتی کرنے کے لیے مرحلہ وارٹیسٹ شیڈول متعارف کرایا جائے گا، کوشش ہوگی کہ ٹیسٹ میں شامل ہونے کے عمل کو مزیدآ سان بنایا جائے۔
اجلاس میں بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ نے 25 ہزاراہلکاروں کی بھرتی کے لیے احکامات دیے ہیں، بھرتیوں سے نہ صرف پولیسنگ کوتقویت ملے گی بلکہ ہزاروں نوجوانوں کوروزگار بھی ملے گا۔
آئی جی سندھ نے افسران کو ہدایات دیں کہ تمام قانونی تقاضوں کوجلد ازجلد مکمل کیا جائے،خواتین، اقلیت اور خصوصی افراد کوٹہ کا بھی خیال رکھا جائے۔،آئی جی سندھ
اجلاس کو آگاہی دیتے ہوئے وائس چانلسر آئی بی اے یونیورسٹی سکھر نے بتایا کہ ان کی ٹیم جلد ضروری اقدامات کے بعد سندھ پولیس سے رابطہ کرے گی۔