لیبر اور ہاری کارڈ جلد جاری کریں گے، 300 یونٹ مفت بجلی کا منصوبہ بھی لا رہے ہیں: وزیر اعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہےکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے 300 یونٹ تک بجلی مفت دینے کے وعدے پر سندھ حکومت کام کر رہی ہے جب کہ جلد ہی صوبے میں لیبر اور ہاری کارڈز کا اجرا کیا جائے گا۔
حیدر آباد میں میڈيا سےگفتگو میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا کہ لیبرکارڈ اور کسان کارڈ کا جلد اجرا کرنے جارہے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے صوبے کے ہر محلے اور ہر گاؤں میں پینےکا صاف پانی پہنچانے کا حکم دیا ہے۔ سیلاب متاثرین کے لیے سندھ میں 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے فنڈز مل گئے، ایک لاکھ گھر تعمیر ہوچکے ہیں، 6 لاکھ گھر زیر تعمیر ہیں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سب کو سرکاری نوکریاں دینا ممکن نہیں ،کاروبار کے مواقع پیدا کرنا ہوں گے۔ دیگر صوبوں کے موٹرے وے منصوبے سی پیک میں شامل ہوجاتے ہیں، سندھ کے بھی منصوبے سی پیک میں شامل ہونے چاہئیں۔