سندھ بھر میں گرمی کی شدید لہر، ہیٹ ویو کے پیش نظر انٹر کے امتحانات ملتوی

سندھ بھر میں گرمی کی شدید لہر اور ہیٹ ویو کے پیش نظر سندھ حکومت نے صوبے بھر میں انٹر میڈیٹ کے امتحانات ملتوی کردیے۔

سندھ بھر میں گرمی کا راج برقرار ہے اور صوبے کے شمالی اضلاع میں گرمی کا پارہ 45 سینٹی گریڈ سے بھی زائد ہے۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی کی سفارش پر انٹرمیڈیٹ کے امتحانات ملتوی کرنےکی منظوری دی۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ انٹر کے امتحانات 22 مئی کے بجائے اب 27 مئی سے شروع ہوں گے۔

یونیورسٹیز اینڈ بورڈ نے امتحانات کی تاریخ تبدیل کرنےکا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

خیال رہے کہ صوبے کے میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے ہیٹ ویو الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔