سیلاب و آفات سے نمٹنے کیلیے سندھ ریسکیو 1122 میں 800 بھرتیاں کرنے کا فیصلہ

سندھ میں بارشوں، سیلاب و دیگر قدرتی آفات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت سندھ ریسکیو 1122 میں 800 بھرتیاں کرے گی۔

سندھ بھر کی اہم ہائی ویز اور موٹرویز پر ہنگامی مدد کے لیے ریسکیو آپریشن 1122میں فوری طور پر 800 افراد کی بھرتیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

بھرتیاں صوبے میں پہلے سے موجود 16 سیٹلائٹ اسٹیشنز کے لیے ہوں گی۔

مذکورہ اسٹیشنز موٹروے M9 اور ہائی ویز N5 اور N55 پر قائم ہیں۔

ذرائع کے مطابق 200 بھرتیاں تجربہ کا پیرا میڈکس اسٹاف جبکہ 200 بھرتیاں ڈرائیوروں کی کی جائیں گی۔

فوری بھرتیاں خاص طور پر مستقبل میں سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اور عمومی طور پر حادثات کے بعد مدد فراہم کرنے کے حوالے سے کی جائیں گی۔

مذکورہ بھرتیاں سندھ کے لیے ہونی ہیں مگر بھرتی کا عمل اسلام آباد کی ایک ٹیسٹنگ کمپنی کرے گی۔

مذکورہ بھرتیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد منتخب افراد کی ٹریننگ کے لیے دو انسٹرکٹرز، دو ریسکیو ڈرل انسٹرکٹرز اور دو فائر ڈرل انسٹرکٹرز کی بھرتیاں بھی ہوں گی۔

ان بھرتیوں کا انتخاب بھی مندجہ بالا اسلام آباد کی ٹیسٹنگ کمپنی ہی کرے گی۔