سندھ حکومت کا بجلی بنانے اور اس کی ترسیل کی نئی کمپنی بنانے کا اعلان
سندھ حکومت نے بجلی بنانے اور اس کی ترسیل کی نئی کمپنی بنانے کا بڑا اعلان کردیا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں بجلی پیدا کرنے اور تقسیم کرنے والی کمپنی جلد بنانے کا اعلان کیا۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ بہت جلد سندھ میں بجلی پیدا کرنے اور تقسیم کرنے والی کمپنی بنانے جا رہے ہیں۔
مراد علی شاہ نے صوبے میں بجلی بنانے اور تقسیم کرنے والی کمپنی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سندھ توانائی بحران کا مسئلہ حل کرسکتا ہے، صوبہ سندھ تھر کے کوئلے سے سب سے سستی بجلی بنارہا ہے، صوبے کی اپنی آئی پی پی کمپنی قائم کریں گے۔
وزیراعلی سندھ نے کہا کہ مہنگائی، مہنگی بجلی اور مہنگا ایندھن شہریوں کے سب سے بڑے مسائل ہیں، افسوس ہے کہ کراچی میں بہت سی صنعتیں خسارے میں چل رہی ہیں یا بند ہوچکی ہیں، اس سے مزید مسائل پیدا ہوں گے کیوں کہ ہم پہلے ہی بیروزگاری کے دور سے گزر رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ 70 فیصد گیس سندھ پیدا کرتا ہے ، وفاقی حکومت سندھ کو گیس دے ، پاور پلانٹ خود لگائیں گے ، تھر کول پورے ملک کی بجلی کی ضرورت پوری کرسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کا ٹیرف بہت زیادہ ہے ، صنعتیں تیزی سے اپنی صلاحیت کھو رہی ہیں ، تاجروں کے مسائل سے آگاہ ہیں ، حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔