ایک بار پھر شدید بارشوں سے موہن جو دڑو کے تاریخی مقام کو نقصان

سندھ میں دو سال قبل ہولناک سیلاب کے بعد اب ایک بار پھر شدید بارشوں کی وجہ سے تاریخی مقام موہن جو دڑو کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
حالیہ مون سون کی شدید بارشیں لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں تباہی پھیلانے لگی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وادی سندھ کی قدیم تہذیب موہن جو دڑو میں 119ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارشوں سے موہن جو دڑو کے قدیم آثار کو بھی نقصان پہنچا ہے، موہن جو دڑو کے قدیم آثار سے مٹی بہہ گئی‘ دیواریں اور دیگر اسٹرکچر کمزور پڑنے لگی ہے۔
موہن جو دڑو میں کئی مقامات پر بارش کے پانی سے گڑھے بھی پڑ چکے ہیں، جس پر موہن جو دڑو کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آثار میں سے نکاسی آب کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔