بیٹی کو سابق شوہر نے قتل کروایا ہوگا، تفتیش کی جائے، والدہ ٹک ٹاکر سیما خاصخیلی

FB_IMG_1724513907878

خیرپور میں کار سے مردہ حالت میں ملنے والی ٹک ٹاکر سیما قربان خاصخیلی کی والدہ نے بیٹی اور ان کے دوست کے قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے تفتیش کا مطالبہ کردیا۔

سیما کی والدہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی بیٹی دو دن قبل گھر سے نکلیں تھیں لیکن انہیں علم نہیں تھا کہ وہ دوست ظفر سے ملنے جا رہی ہیں یا ٹک ٹاک بھرنے جا رہی ہیں۔

ان کے مطابق ان کی بیٹی کی پہلی شادی گھوٹکی کے ایک بااثر شخص سے ہوئی ہوئی تھی جو کہ طلاق پر ختم ہوئی اور سب وہ دوسری شادی کرنا چاہتی تھی۔

والدہ سیما خاصخیلی کا کہنا تھا کہ ان کی بیٹی کی مقتول ظفر حاجانو سے دعا سلام تھی، دونوں شادی کرنا چاہتے تھے لیکن ظفر ان کی بیٹی سے شادی کرنے کے حوالے سے خوفزدہ تھے اور بیٹی کے پہلے شوہر سے ڈرے ہوئے تھے۔

مقتولہ کی والدہ کا کہنا تھا کہ ظفر کو پہلے ہی ڈر تھا کہ سیما سے شادی کی صورت میں انہیں سیما کے پہلے شوہر قتل کروادیں گے اور ان کی بیٹی کو بھی سابق شوہر دھمکیاں دیتے رہتے تھے۔

والدہ سیما خاصخیلی نے مطالبہ کیا کہ ان کی بیٹی اور مقتول ظفر کا پوسٹ مارٹم کرواکر تفتیش کی جائے، انہیں قتل کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ظفر حاجانو بھی پہلے ہی شادی شدہ تھے اور بچوں کے باپ تھے لیکن ان کی بیٹی سے شادی کی خاطر پہلی بیوی کو چھوڑنے کو تیار تھے۔