ایران میں حادثے میں جاں بحق افراد کی تدفین کردی گئی۔ سندھ حکومت کا فی کس 50 لاکھ کا اعلان

سندھ کے مختلف شہروں سے براستہ ایران سے عراق جاتے ہوئے حادثے کے شکار 35 افراد کی تدفین کردی گئی۔ جب کہ سندھ حکومت نے جاں بحق ہونے والے افراد کو فی کس 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔

چند روز قبل ایران میں سندھ کے زائرین کی بس حادثے کا شکار ہو گئی تھی جس میں 35 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہو گئے تھے، زائرین کی بس کو پیش آنے والے حادثے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

جاں بحق افراد کی میتیں سی 130 کے ذریعے سندھ لائی گئی تھیں، جیکب آباد ایئرپورٹ سے میتوں کو آبائی علاقوں کو روانہ کیا گیا تھا۔

میتوں کی تدفین کے بعد سندھ حکومت نے جاں بحق ہونے والے افراد کو فی کس 50 لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا۔

ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق ایران حادثے میں شہید ہونے والے کے خاندان کو 50 لاکھ روپے جبکہ زخمی کو فی کس 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر شہدا کی میتوں کو واپس لانےکا مکمل انتظام بھی کیاہے۔