سندھ کے تینوں بیراجوں میں پانی کی سطح بڑھ گئی، درمیانے سیلاب کا خدشہ

مسلسل بارشوں اور دیگر صوبوں سے پانی آنے کے بعد سندھ کے تینوں بیراجوں سکھر، گڈو اور کوٹڑی پر پانی کی سطح بڑھ جانے سے درمیانے سیلاب کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
محکمہ آبپاشی کے حکام کے مطابق دریائے سندھ کے تینوں بیراجوں گڈو، سکھر اور کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
سکھر بیراج انتظامیہ کی جانب جاری اعداد و شمار کے مطابق چشمہ کے مقام پر پانی کی آمد 204704، اخراج 179982، تونسہ پر پانی کی آمد 180204، اخراج 163704، پنجند کے مقام پر پانی کی آمد 54982، اخراج 47882 ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 353677، اخراج 353119، سکھر بیراج پر 364050، اخراج 360050 اور کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 308975، اخراج 307075 ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دریائے سندھ کے تینوں بیراجوں گڈو، سکھر اور کوٹڑی پر درمیانے درجے کے سیلابی ریلے گزر رہے ہیں۔ بارش اور بالائی علاقوں سے پانی کی آمد کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں پانی کی سطح مزید بلند ہونے کا امکان ہے۔
آبپاشی افسران و عملہ متحرک ہیں، دریائی بندوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے، گڈو اور سکھر بیراج کی نہروں میں بھی پانی کی سپلائی بند کردی گئی ہے۔