گھوٹکی میں تین ماہ کے اندر دوسرا صحافی قتل، بچل گھنیو حملے میں جاں بحق

ضلع گھوٹکی کے نواحی علاقے رونتی میں مسلح افراد نے حملہ کرکے مقامی صحافی بچل گھنیو کو قتل کردیا۔

ذرائع کے مطابق صحافیوں کو ڈاکوؤں نے قتل کیا۔ تاہم قبائلی تصادم کی وجہ سے بھی صحافی کو قتل کرنے کی چہ مگوئیاں ہیں۔

پولیس کے مطابق رونتی میں سندھی نیوز چینل آواز ٹی وی کے مقامی رپورٹر بچل گھنیو صبح سویرے اپنے گھر کے قریب ہی کھیتوں میں گئے تھے کے مسلح افراد نے حملہ کرکے فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

لاش تحصیل اوباڑو کے اسپتال میں منتقل کی گئی، پولیس کا کہنا ہے ڈاکوؤں کا حملہ ہے یا کوئی ذاتی دشمنی ابتدائی تحقیات کی جارہی ہیں۔

واقعے کے بعد صحافی تحصیل اسپتال اوباڑو پہنچ گئے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا

مقتول صحافی ڈاکوؤں کے خلاف بھی پر اثر رپورٹنگ کرتے تھے۔

یاد رہے کے دو ماہ قبل بھی میرپور ماتھیلو کے صحافی نصرالله گڈانی کو بھی مسلح افراد نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

گزشتہ تین ماہ میں ایک ہی ضلع گھوٹکی میں دوسرے صحافی کو قتل کیا گیا۔

صحافی کے قتل کے واقعے کے بعد وزیر سندھ سید مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے صحافی محمد بچل گھنیو کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور آئی جی سندھ کو ہدایت کی قاتلوں کو فوری گرفتار کر کے سزا دلوائی جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن کو مزید مؤثر اور تیز کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آزادی صحافت پر یقین رکھتے ہیں۔اللہ پاک مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر عطا کرے۔