شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال، سندھ کے درجنوں دیہات ڈوب گئے
گزشتہ دو ہفتوں سے جاری بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث سندھ کے درجنوں دیہات ڈوب گئے جب کہ ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کر گئے۔
دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں خطرناک اضافے کے باعث سیلابی ریلے کاچھو کے علاقے کو شدید متاثر کیا ہے۔
سندھ میٹرز کو موصول رپورٹس کے مطابق سیہون سے دریائے سندھ میں 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک پانی کا سیلابی ریلا کوٹری بیراج کی طرف گامزن ہے، جس وجہ سے متعدد مقامات پر شگف پڑنے سے دیہات ڈوب گئے
سیلاب کے باعث سیہون اور مانجھند تحصیلوں کے کچے علاقے کے 50 دیہات زیر آب گئے ہیں اور متعدد دیہاتوں کا شہروں سے زمینی رابطہ منقطع ہو چکا ہے، مختلف مقامات پر 25 اسکول بھی سیلابی پانی کی زد میں آ گئے ہیں۔
محکمہ آبپاشی نے صورتحال کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے دریائے سندھ کے پشتوں پر ایمرجنسی نافذ کر کے نگرانی شروع کر دی ہے۔ سیلابی پانی کے باعث سیہون اور مانجھند کے کچے علاقے میں سڑکیں بھی ڈوب گئی ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیلاب کے باعث آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔
سندھ حکومت اور محکمہ موسمیات پہلے ہی چھوٹے درجے کے سیلاب کا عندیہ دے چکے تھے اور اس ضمن میں کوششیں بھی کی گئی تھیں۔