سندھ میں گنے کے چھلکے، ہوا، سورج و بارش کے پانی سے 3837 میگاواٹ بجلی کی پیداوار

وفاقی وزارتِ توانائی کے مطابق صوبہ سندھ میں قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار 3837 میگاواٹ تک پہنچ گئی، سندھ میں قابلِ تجدید توانائی کے 58 منصوبے فعال ہیں۔

قابل تجدید توانائی سے مراد ایسی توانائی ہے جو مختلف قدرتی ذرائع مثلا سورج کی روشنی، ہوا بارش اور لہروں وغیرہ سے حاصل ہوتی ہے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزارتِ توانائی نے صوبۂ سندھ میں قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار سے متعلق تفصیلات جمع کرا دیں۔

وزارتِ توانائی کے مطابق وِنڈ پاور کے 36 منصوبوں کے ذریعے 1845 میگاواٹ جبکہ شمسی توانائی کے 10 منصوبوں سے 680 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

وزارتِ توانائی کا کہنا ہے کہ 4 ہائیڈل منصوبوں سے 1053 میگاواٹ بجلی بن رہی ہے، شوگر ملز کے گَنے کے پھوک (چھلکے) سے 259 میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے، سندھ میں نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعے قابلِ تجدید توانائی کے منصوبوں کو ترقی دی جا رہی ہے۔